ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کئیگا پاورپلانٹ میں زائد مراکز کا قیام : سمیتی کرے گی  سبز بورڈ میں چیلنج

کئیگا پاورپلانٹ میں زائد مراکز کا قیام : سمیتی کرے گی  سبز بورڈ میں چیلنج

Mon, 23 Sep 2019 21:22:07    S.O. News Service

کاروار:23؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)کئیگاپاورپلانٹ میں پانچویں اور چھٹویں مرکزوں کے قیام کو  لے کر ہوراٹا  سمیتی نے معاملے کو قومی سبز بورڈ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کو اخبار  نویسوں سے گفتگو  کرتےہوئے کئیگا مرکز مخالف ہوراٹا سمیتی کے لیڈر گرو فائیدے نے بتایا کہ کالی شیر تحفظ زون کے بالکل قریب میں کئیگا پاور پلانٹ ہے ، اسی کو اہم موضوع بناتے ہوئے ہم اپنی جدوجہد کو تشکیل دیں گے۔ ابتداء میں کئیگا کے اطراف اور ضلع مرکز پراحتجاج  اور جدوجہد کریں گے۔ اس کے بعد عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔

سمیتی کے صدر شانت باندیکر نے بتایا کہ پاورپلانٹ کی وجہ سے اطراف کے دیہی عوام، جنگلی جانور کی صحت متاثر ہورہی ہے، اس کے خلاف عوامی سطح پر بڑا احتجاج بھی کیا گیا تھا۔انہوں نے عدم اطمینان کااظہار کرتےہوئے کہاکہ ہماری مخالفت کے باوجود ماحولیاتی بورڈ کی طرف سے مرکزو ں کے قیام کو منظوری دینا صحیح نہیں ہے۔ پہلے چار مراکز کے قیام کے بعد مقامی لوگوں کو روزگار نہیں دیاگیا ہے، دیگر ریاستوں ، شہروں سے مزدوروں اورعملے کو لاکر تقرر کیاگیا ہے۔ منصوبے کے لئے زمین گنوانے والوں کے ساتھ بہتر برتاؤنہیں کیاگیا اور نہ انہیں ٹھیک سے بازآباد کیاگیا ہے۔ نئے مراکز سے پیدا ہونے والی بجلی کی سپلائی کے متعلق کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ نئے بجلی تاروں کو جوڑنے کےلئے کتنے درخت کاٹے جائیں گے پتہ نہیں۔ انہوںنے پاور پلانٹ سے بھی کم خرچ والے ماحولیاتی دوست بجلی منصوبہ جات کو جاری کرنے پر غور کرنے کامطالبہ کیا۔ اس موقع پر سمیتی کے شیام ناتھ نایک، بابو پی نایک، گجانن نائک، اشونی پیڈنیکر، چندرشیکھر پڈولکر ، وشنو وغیرہ موجود تھے۔


Share: